پاکستان کے اسپنر نعمان علی نے آئی سی سی مینز ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کے باعث پاکستان کو کامیابی دلانے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔
لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے میچ میں 6 وکٹیں 112 رنز کے عوض اور 4 وکٹیں 79 رنز کے عوض حاصل کیں۔ ان شاندار کارکردگیوں کی بدولت وہ 4 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں اور اس وقت بھارت کے جسپریت بمراہ سے صرف 29 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے ہیں۔
مزید پڑھیں:اسپنر نعمان علی کا نیا ریکارڈ، ’یہ کسی اور ملک میں ہوتے تو سر آنکھوں پر بٹھایا جاتا‘

نعمان علی نے 853 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 850 پوائنٹس کی حد عبور کرنے والے 7ویں پاکستانی بولر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔ وہ 2016 میں یاسر شاہ کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ان کی بہترین پوزیشن 5ویں تھی جو انہوں نے رواں سال ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران حاصل کی تھی۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھی نمایاں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 4 وکٹیں 33 رنز کے عوض حاصل کرکے 3 درجے ترقی پائی اور اب وہ 19ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:لاہور ٹیسٹ: اسپنر نعمان علی کا نیا کارنامہ، عبدالقادر کا 37 سالہ ریکارڈ توڑ دیا
بیٹنگ رینکنگ میں محمد رضوان (4 درجے ترقی کے بعد 16ویں پوزیشن) اور بابر اعظم (2 درجے ترقی کے بعد 22ویں پوزیشن) نے اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے، جبکہ سلمان آغا (8 درجے ترقی کے بعد 30ویں) اور امام الحق نے (44ویں پوزیشن) پر پیشرفت کی ہے۔













