پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے بھارتی جارحیت کے دوران مظفرآباد میں شہید ہونے والی بلال مسجد کو دوبارہ تعمیر کرانے کا اعلان کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں بھارتی گولہ باری سے شہید خادمِ مسجد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
پارلیمانی کمیٹی برائے امور کشمیر کے چیئرمین رانا قاسم نون نے اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ مظفرآباد میں پاک بھارت کشیدگی میں شہید ہونے والی بلال مسجد کا دورہ کیا۔

رانا قاسم نون نے کہا کہ ہم یہاں بھارتی جارحیت کی مذمت کے لیے آئے ہیں۔ رات کے اندھیرے میں بھارت نے عبادت گاہ پر حملہ کیا، جو انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں کہیں بھی عبادت گاہوں پر حملے نہیں کیے جاتے۔
انہوں نے بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے نمازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ جلد بلال مسجد کی تعمیر نو کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں ایک اور مسجد ہندوؤں کے نشانے پر، 3 مسلمان نوجوان شہید
رانا قاسم نون نے کہا کہ پاکستان کے بغیر کشمیر کچھ نہیں اور کشمیر کے بغیر پاکستان مکمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کشمیر کی طرف دیکھا تو اسے اس کا پچھتاوا ہوگا۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بھارتی گولہ باری سے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں شوائی نالے کے علاقے میں واقع بلال مسجد شہید ہوگئی تھی، بھارتی جارحیت میں اس مسجد کے خادم محمد یعقوب بھی شہید ہوگئے تھے۔














