ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک ایسا کوانٹم کمپیوٹنگ الگورتھم تیار کیا ہے جو مصنوعی ذہانت (AI) کے لیے منفرد ڈیٹا تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا الگورتھم، جسے “Quantum Echoes” کا نام دیا گیا ہے، گوگل کے اپنے کوانٹم چِپ پر چلتا ہے اور یہ دنیا کے جدید ترین سپرکمپیوٹرز پر موجود روایتی الگورتھمز کے مقابلے میں 13,000 گنا تیز ہے۔
ادویات اور سائنسی مواد میں انقلاب کا امکان
گوگل کے محققین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں Quantum Echoes الگورتھم مالیکیولز کی ساخت ناپنے کے لیے استعمال ہو سکے گا۔ یہ پیش رفت نئی دواؤں کی تیاری اور مواد کی سائنس میں نئی اقسام کے مادوں کی دریافت میں مدد دے سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل اے آئی نے زمین پر خلائی مخلوق کے پوشیدہ ٹھکانوں کی نشاندہی کردی
گوگل کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے’یہ ترقی ہماری پچھلے سال پیش کردہ کوانٹم چِپ ‘Willow’ جتنی ہی اہم ہے۔‘
“Willow” چِپ اور ’کوبٹس‘ کا مسئلہ
گزشتہ سال گوگل نے اپنی کوانٹم چِپ “Willow” متعارف کرائی تھی، جو کوبٹس (Qubits) سے متعلق ایک بنیادی مسئلہ یعنی غلطی اور غیر استحکام پر قابو پانے میں کامیاب رہی۔ اب کمپنی کا کہنا ہے کہ Quantum Echoes کا ترقیاتی سنگِ میل اس چِپ کی اہمیت کے برابر ہے۔
ڈیٹا کی تصدیق اور مصنوعی ذہانت میں استعمال
گوگل کے سائنسدانوں نے بتایا کہ یہ نیا الگورتھم دوسرے کوانٹم کمپیوٹرز پر بھی تصدیق کے قابل ہے، یعنی اس کے نتائج قابلِ اعتبار ہیں۔

ٹام او’برائن، گوگل ریسرچ سائنسدان کا کہنا ہے کہ اگر میں یہ ثابت ہی نہ کر سکوں کہ میرا ڈیٹا درست ہے، تو میں اس سے کسی نتیجے پر کیسے پہنچ سکتا ہوں؟
یہ بھی پڑھیے گوگل کے نئے اے آئی ماڈل نے ویڈیو جنریشن میں انقلاب برپا کردیا
گوگل کا کہنا ہے کہ تصدیق شدہ ڈیٹا کی یہ صلاحیت مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کے لیے نئی ڈیٹا سیٹس بنانے میں مدد دے سکتی ہے، خاص طور پر ان شعبوں میں جہاں معیاری ڈیٹا دستیاب نہیں۔ مثلاً بایو سائنسز اور لائف سائنسز۔
تحقیقی تفصیلات ’نیچر‘ میں شائع
گوگل نے Quantum Echoes کی سائنسی تفصیلات عالمی تحقیقی جریدے Nature میں شائع کی ہیں۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب گوگل، مائیکروسافٹ اور ایمیزون جیسی بڑی کمپنیاں کوانٹم کمپیوٹنگ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ ایک ایسی ٹیکنالوجی جو مستقبل میں روایتی کمپیوٹنگ کو مکمل طور پر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔














