پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کا اہم اجلاس صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں ایم ڈی کیٹ 2025 کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں رجسٹرار، امتحانی شعبہ کے سربراہان، اور مختلف میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں تمام یونیورسٹیوں کو ہدایت کی گئی کہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے انتظامات جلد مکمل کیے جائیں۔ امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لیے مناسب سہولیات، موسمی انتظامات، اور والدین کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ نصاب یکجا کرکے ایم ڈی کیٹ پیپر بنایا ہے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال
امتحانی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے غیر مجاز برقی آلات کے استعمال کی روک تھام کے لیے جَیمرز نصب کیے جائیں گے، جبکہ سوالیہ پرچے صرف گواہوں کی موجودگی میں کھولے جائیں گے۔ یونیورسٹیوں کو امیدواروں کو کاربن کاپی کے ساتھ ببل شیٹس فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
کونسل نے فیصلہ کیا کہ امتحان ختم ہوتے ہی آفیشل آنسر کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی، جبکہ نتائج ایک ہفتے کے اندر شائع کیے جائیں گے۔ نتائج کے 3 دن کے اندر دوبارہ جانچ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ایم ڈی کیٹ 2025 کب اور کہاں ہوگا؟ ٹیسٹ لینے والی جامعات اور فیسوں کی تفصیل جاری
مزید یہ کہ نتائج کے 10 دن کے اندر یونیورسٹیوں کو جامع تجزیاتی رپورٹ جمع کروانے کی تاکید کی گئی۔ تمام پرچے اور نتائج 12 ماہ تک محفوظ رکھے جائیں گے۔ داخلوں کی ذمہ داری صوبائی حکام اور متعلقہ یونیورسٹیوں پر عائد ہوگی، اور تمام داخلے 28 فروری 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایم ڈی کیٹ 2025 کے تمام مراحل شفافیت، دیانت داری اور رازداری کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے، اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل داخلوں کے عمل میں براہِ راست مداخلت نہیں کرے گی۔














