’ٹام کروز نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا‘

جمعہ 19 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نو مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد پرتشدد احتجاج کی راہ اپنانے والی عمران خان کی پارٹی ایک ایسی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے جب مختلف سطح کے رہنما پارٹی سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔

گزشتہ تین روز سے سابق ارکان اسمبلی، وزرا اور مختلف رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کے اعلانات سوشل ٹائم لائنز پر نمایاں ہیں۔

ان اعلانات پر دعمل دینے والے انٹرنیٹ صارفین تعریف، تنقید اور طنز بھرے تبصروں کا سہارا لے رہے ہیں۔

اسی دوران کچھ من چلوں نے میمز کی دنیا کا رخ کیا تو جمعرات کو پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے والے سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم کی تصویر پر ہالی وڈ اداکار ٹام کروز کا چہرہ چسپاں کر ڈالا۔

معاملہ یہاں ختم نہیں ہوا بلکہ ایک ٹوئپ نے لکھا کہ ’ٹام کروز نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ مزید کام نہیں کر سکتے اور جلد اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔‘

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر سامنے آنے والے اعلانات میں کہیں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز نے ٹکٹ واپس کیا تو کوئی عمران خان کی پالیسیوں کو جواز بنا کر علیحدگی کا اعلان کرتا دکھائی دیا۔

اس دوران تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے افراد پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والوں کا ماضی بیان کرتے ہوئے اسے ’کم اہم لوگوں کی علیحدگی‘ یا ’غیر متعلق لوگوں کے اعلانات‘ سے تعبیر کرتے رہے۔

عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’مارچ میں ضمنی الیکشن کی بات آئی تو تحریک انصاف سے این اے 19 صوابی کی ٹکٹ عثمان ترکئی کے بجائے شہرام ترکئی کو دیا تھا۔ جنوبی پنجاب کی طرح یہاں بھی تحریک انصاف کے ردکردہ امیدوار کو پیپلزپارٹی میں شامل کروا کر اس کی خبریں چلوائی جا رہی ہیں۔‘

گزشتہ چند روز کے دوران عمران خان کے قریبی ساتھی عامر کیانی، ان کی کابینہ کا حصہ اور بلین ٹری سونامی منصوبہ کے روح رواں ملک امین اسلم، سندھ سے پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp