مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا حصہ نہیں بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کرچکی ہے، اور اس فیصلے میں تبدیلی کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کی سیاست میں ہلچل، آنے والے دنوں میں کیا ہونے جارہا ہے؟
اس سے قبل صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اپنے بنیادی نصب العین کے مطابق تحریکِ آزادیٔ جموں و کشمیر، آزاد خطے کے عوام، مہاجرینِ مقیم پاکستان اور بیرونِ ملک بسنے والے کشمیریوں کی فلاح و بہبود کے لیے عبوری آئین ایکٹ 1974 کے تحت اپنا جمہوری اور سیاسی کردار پوری ذمہ داری کے ساتھ ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اور مہاجرینِ مقیم پاکستان میں اپنے نظریات، سیاسی کردار اور عوامی خدمت کی بدولت ایک مقبول اور منظم جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔













