سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی سرحد سے دراندازی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب خیبر پختونخوا کے دو اضلاع کرم اور شمالی وزیرستان کے علاقوں میں دو بڑے گروہوں کی مشتبہ نقل و حرکت کو مانیٹر کیا جو سرحد عبور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
مزید پڑھیں: ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ان گروہوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، اور انتہائی درست اور مہارت سے کی گئی کارروائیوں کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں خوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن میں بھارت کی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنہ الخوارج کے 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اسی دوران کرم کے علاقے گھکی میں سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کرنے والے مزید 10 خوارج مارے گئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف اس کارروائی کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
شہدا میں حوالدار منظور حسین، سپاہی نعمان الیاس کیانی، سپاہی محمد عدیل، سپاہی شاہ جہان، سپاہی علی اصغر شامل ہیں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے یہ دراندازی کے واقعات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب پاکستان اور افغانستان کے وفود ترکیہ میں مذاکرات میں مصروف ہیں، جس سے عبوری افغان حکومت کی نیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ آیا وہ اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے واقعی سنجیدہ ہے یا نہیں۔
پاکستان بارہا افغان عبوری حکومت پر زور دیتا آیا ہے کہ وہ اپنی جانب مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے اور دوحہ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، تاکہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز قوم کے دفاع کے لیے مکمل عزم و استقلال کے ساتھ پرعزم ہیں، اور ہمارے جوانوں کی یہ قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آرمی کے خفیہ آپریشن جو دہشتگردی کے نیٹ ورک تباہ کر رہے ہیں
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، تاکہ بھارتی حمایت یافتہ کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کو ہلاک کیا جا سکے۔
ترجمان نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔














