قائدِ حزبِ اختلاف آزاد جموں و کشمیر، خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق پر طنزیہ وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارتِ عظمیٰ گئی تو پی ٹی آئی کے دروازے بھی بند ہوگئے، مگر اپوزیشن چیمبر سب کے لیے کھلا ہے۔
اپنے ایک بیان میں خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ وزیراعظم کے اپنے ساتھی ایک ایک کر کے ساتھ چھوڑتے جا رہے ہیں، جنہیں وہ فخر سے اپنا کہتے تھے، وہ اب دوسری جماعتوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کوئی بھی وزیراعظم کو اپنے ساتھ لینے کو تیار نہیں۔
یہ بھی پڑھیے: آزاد کشمیر: مسلم لیگ ن کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان، اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ
قائد حزبِ اختلاف نے مزید کہا کہ چوہدری انوار الحق کے ساتھ سب سے بڑا ظلم ان کے اپنے ساتھیوں نے کیا۔ اب وزیراعظم کے قریبی لوگ بھی اپوزیشن بنچوں کے قریب آ رہے ہیں، اپوزیشن چیمبر میں سب کے لیے کرسی خالی ہے، ویلکم۔
خواجہ فاروق احمد نے دعویٰ کیا کہ 5 سال پورے نہیں ہوئے مگر حکومت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ اپنے ہی وزرا آج اپوزیشن کے مؤقف سے اتفاق کر رہے ہیں۔ یہی اپوزیشن چیمبر اب سابق حکومتی وزرا کی پناہ گاہ بننے جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کے لیے بندے پورے کر لیے، سردار تنویر الیاس
انہوں نے کہا کہ جو کل بادشاہ کے ساتھ تھے، آج بادشاہت کے خاتمے کی بات کر رہے ہیں۔ ہم دروازے بند نہیں کرتے، سب کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ یہ چیمبر سب کے لیے کھلا ہے جو اقتدار چھوڑ کر حقیقت دیکھنا چاہے۔














