وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور کور کمانڈر پشاور کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی آفیشل میڈیا ٹیم کی جانب سے اس ملاقات کے بارے میں میڈیا کو کچھ نہیں بتایا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی پریس ریلیز جاری کی گئی۔ تاہم، پی ٹی آئی نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔
مزید پڑھیں: عدم تعاون پر بیوروکریسی کیخلاف کارروائی کا عندیہ، سہیل آفریدی کا چیف سیکریٹری کو فہرستیں تیار کرنے کا حکم
پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور کور کمانڈر پشاور کے درمیان ملاقات گزشتہ ہفتے جمعے کو ہوئی۔ ان کے مطابق، کور کمانڈر پشاور وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور آئے اور سہیل آفریدی سے ملاقات کی۔
ان کے مطابق یہ کوئی غیر معمولی ملاقات نہیں تھی۔ سرکاری حکام جب بھی نئے وزیراعلیٰ آتے ہیں تو ملاقات کرتے ہیں اور مبارکباد دیتے ہیں، یہ بھی اسی نوعیت کی ایک ملاقات تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سہیل آفریدی اور کور کمانڈر کی ملاقات ون آن ون تھی، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ملاقات کتنی دیر تک جاری رہی۔
مزید پڑھیں: سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر فیاض الحسن چوہان نے معافی کیوں مانگی؟
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق، اس ملاقات میں صرف مبارکباد تک بات محدود نہیں رہی بلکہ صوبے کے امن و امان، سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف جاری کارروائیوں، اور حالیہ پاک افغان بارڈر کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ جہاں تک مجھے معلوم ہے، ملاقات ایک خوشگوار ماحول میں ہوئی، اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سہیل آفریدی نے کور کمانڈر کو یقین دلایا کہ امن کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی ابھی تک عمران خان سے ملاقات نہیں ہوئی، اور پالیسی گائیڈ لائن ملاقات کے بعد ہی ملے گی، جس کے بعد وہ حتمی پالیسی تشکیل دیں گے۔














