پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا آج کا پہلا میچ قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو 4 عالمی ریکارڈز دلواسکتا ہے بشرطیکہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کریں بصورت دیگر اگلے 2 میچز میں وہ یہ کوشش کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز، بابر اعظم نئے ریکارڈ سے کتنے دور؟
صرف عالمی ریکارڈ ہی نہیں بلکہ رواں سیریز میں بابر اعظم کے پاس ایک اور موقع بھی ہے جس سے وہ ان 4 چار ریکارڈز کے علاوہ ایک قومی ریکارڈ بھی بناسکتے ہیں۔
پہلا ریکارڈ
آج کے میچ میں بابر اعظم جو ایک عالمی ریکارڈ بناسکتے ہیں وہ ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ہے۔
وہ اس ریکارڈ سے محض 9 رنز کی دوری پر ہیں۔ ان کے اس وقت 4 ہزار 223 رنز ہیں۔ یہ ریکارڈ فی الوقت بھارت کے مایہ ناز بیٹمسین روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے ٹی 20 میچوں میں کل 4 ہزار 231 رنز بنائے ہوئے ہیں اور اب وہ اس ٹوٹل کو آگے اس لیے نہیں بڑھاسکتے کیوں کہ وہ اس فارمیٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کردیا تھا۔
دوسرا عالمی ریکارڈ، صرف 3 چوکے درکار
اپنے دوسرے عالمی ریکارڈ کو حاصل کرنے کے لیے بابر اعظم کو صرف 3 چوکے درکار ہیں جو وہ جنوبی افریقہ کے خلاف اسی پہلے ٹی 20 میچ میں حاصل کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیے: ٹی20 کرکٹ میں 10 ماہ بعد واپسی، کیا ہمیں نئے بابر اعظم دیکھنے کو ملیں گے؟
وہ ریکارڈ ٹی 20 میچوں میں سب سے زیادہ یعنی 450 چوکوں کا ہے جس سے بابر اعظم محض 3 باؤنڈریز پیچھے ہیں۔
تیسرا ریکارڈ
آج کا میچ بابر اعظم کو ایک اور عالمی ریکارڈ دلواسکتا ہے جو تینوں فارمیٹس یعنی ٹیسٹ میچ، ایک روزہ انٹرنیشنل اور ٹی 20 میں 4،4 سینچریاں بنانے کا ہے۔
یہ عالمی ریکارڈ بھی روہت شرما کے پاس ہی ہے جنہوں نے تینوں فارمیٹس میں کم از کم 4 سینچریاں فی فارمیٹ بنائی ہوئی ہیں۔
اگر بابر اعظم مزید ایک سینچری بنالیتے ہیں تو وہ روہت شرما کے بعد دنیا کے دوسرے بیٹر ہوں گے جنہوں نے تینوں فارمیٹ میں 4،4 سینچریاں (کم از کم) بنائی ہوں۔
مزید پڑھیں: بابر اعظم اور محمد رضوان کپتانی سے محروم کیوں ہوئے؟ سینیئر صحافی کے اہم انکشافات
فی الوقت بابر اعظم نے ٹیسٹ میچز میں 19، ایک روزہ میں 9 اور ٹی 20 میں 3 سینچریاں ہیں۔ اس طرح 3 میں سے ہر ایک فارمیٹ میں 4 یا اس سے زیادہ سینچریاں بنانے کے معاملے وہ اسی آج کے میچ میں روہت شرما کا ریکارڈ برابر کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کرسکتے ہیں۔
چوتھا عالمی ریکارڈ
بابر اعظم کو ایک اور عالمی ریکارڈ کے لیے 120 رنز درکار ہیں اس طرح وہ دنیا کے چوتھے کم عمر بیٹسمین بن جائیں گے جنہوں نے تینوں فارمیٹس میں ملا کر 15 ہزار رنز بنائے ہوئے ہوں۔
یہ بھی پڑھیے: ٹی20 کرکٹ میں واپسی: بابر اعظم اب کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے؟ اعلان ہوگیا
دنیا کے ٹاپ 3 کھلاڑی وراٹ کوہلی، سچن ٹنڈلکر اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا ہیں۔ اس طرح بابر اعظم کے پاس موقع ہے کہ وہ چوتھے کم عمر کھلاڑی بن جائیں جن کا تینوں فارمیٹس میں کل میزان 15 ہزار رنز ہو۔ اس کے لیے بابر اعظم کو مزید 120 رنز درکار ہیں۔
رواں سیریز میں قومی ریکارڈ حاصل کرنے کا موقع
جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹی 20 میچوں کی اس رواں سیریز میں بابر اعظم کے پاس یہ موقع بھی ہے کہ وہ اگر ان میں سے 2 میچوں میں ٹاپ اسکورر رہتے ہیں تو وہ پاکستان کے پہلے بیٹر بن جائیں گے جو 100 مرتبہ ٹاپ رہا ہو۔ اس سے پہلے جو قومی کھلاڑی سب سے زیادہ مرتبہ ٹاپ اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں وہ انضمام الحق ہیں جو 99 مرتبہ ٹاپ اسکورر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: 3 سال میں صرف 3 نصف سینچریز، بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ میں مکمل ناکام ہوگئے
اس طرح اب بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ٹی 20 سیریز میں 4 عالمی اور ایک قومی سطح کا ریکارڈ بناسکتے ہیں۔














