افغان طالبان 3 حصوں میں تقسیم، یہ ٹی ٹی پی مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے: میجر جنرل (ر) انعام الحق

بدھ 29 اکتوبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) انعام الحق نے کہا ہے کہ افغانستان میں قریبی مدت میں سیاسی و سماجی استحکام کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور پاکستان کے ساتھ طالبان حکومت کے تعلقات ’دوستی سے زیادہ مجبوری‘ پر مبنی ہیں۔ ان کے مطابق کابل حکومت کے پاس نہ تو تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خاتمے کی صلاحیت ہے اور نہ ہی اس کا کوئی سیاسی حل ہے۔

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) انعام الحق نے کہاکہ افغانستان کو سمجھنے کے لیے صرف جغرافیہ نہیں بلکہ اس کی تاریخ، قبائلی سماج اور پشتون ولی جیسے روایتی نظام کو سمجھنا ضروری ہے۔

ان کے مطابق افغانستان ’ایک پیچیدہ معاشرہ‘ ہے جس کے اندر مذہب، قبیلہ، تاریخ اور طاقت کی حرکیات ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، کسی ایک کو بھی الگ کرکے نہیں سمجھا جا سکتا۔

’احسان کا بوجھ قبول نہیں کیا جاتا‘

انہوں نے کہاکہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات میں کئی مستقل عوامل ہیں۔ مذہب، ثقافت، جغرافیہ اور تاریخی روابط لیکن ان کے ساتھ ساتھ کچھ تغیر پذیر مسائل بھی موجود ہیں جن میں ٹی ٹی پی، ڈیورنڈ لائن، سرحدی باڑ اور افغان مہاجرین کے معاملات نمایاں ہیں۔ یہی وہ نکات ہیں جو وقتاً فوقتاً دونوں ممالک کے درمیان تناؤ پیدا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان معاشرے میں ایک تاریخی احساسِ برتری موجود ہے جو اس سوچ سے جنم لیتا ہے کہ ’افغان ہمیشہ آزاد رہے ہیں جبکہ برصغیر غلامی کا شکار رہا‘۔

انہوں نے وضاحت کی کہ پشتون ولی کا ایک بنیادی اصول خیگڑا (یا شیگڑا) ہے، یعنی اگر کوئی احسان کرے تو پشتون روایت کے مطابق فوری طور پر اس احسان کا جواب دے کر توازن قائم کیا جاتا ہے۔

’پاکستان نے جب افغانوں کی مدد کی تو افغانوں نے اسے احسان سمجھنے کے بجائے ایک عدم توازن کے طور پر لیا اور ردِعمل میں برابری کے لیے سخت رویہ اپنایا۔‘

’طالبان حکومت کے اندر تین بڑے طاقت کے مراکز موجود ہیں‘

انعام الحق کے مطابق طالبان حکومت کے اندر اس وقت تین بڑے طاقت کے مراکز موجود ہیں۔ قندھار گروپ (احمدزئی درانی)، حقانی نیٹ ورک اور کابل کی بیوروکریسی۔

انہوں نے کہاکہ قندھار گروپ زیادہ نظریاتی ہے، جبکہ حقانی نیٹ ورک نسبتاً عملی سوچ رکھتا ہے، تاہم طالبان حکومت ان دونوں کے درمیان ایک مجبوراً مفاہمت کے نتیجے میں قائم ہے۔

ان کے مطابق ٹی ٹی پی اس وقت حقانی نیٹ ورک کے اثر و رسوخ والے علاقوں میں موجود ہے، اور طالبان حکومت نہ تو انہیں نکالنے کی سیاسی مصلحت رکھتی ہے اور نہ ہی ان کے پاس فوجی قوت ہے۔

’ٹی ٹی پی طالبان کے لیے ایک ایسی ہڈی بن چکی ہے جسے نہ نگلا جا سکتا ہے نہ اُگلا، اگر طالبان انہیں نکالتے ہیں تو پاکستان ناراض ہوتا ہے، اگر رکھتے ہیں تو عالمی دباؤ بڑھتا ہے۔‘

’افغانستان کے لیے پاکستان اب بھی سب سے بڑا لازمی دروازہ ہے‘

انہوں نے کہاکہ افغانستان کے لیے پاکستان اب بھی سب سے بڑا لازمی دروازہ ہے، چاہے وہ تجارت ہو، تعلیم، صحت، یا سفری سہولتیں ہوں۔

’افغانستان کی معیشت اور روزمرہ زندگی کا بڑا حصہ پاکستان سے جڑا ہوا ہے، اس لیے کابل حکومت اسلام آباد سے مکمل دوری کا متحمل نہیں ہو سکتی۔‘

انہوں نے مزید کہاکہ لاکھوں افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں جنہوں نے معاشرتی اور ثقافتی سطح پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں، لیکن اب یہ معاملہ بھی سیاسی رنگ اختیار کر چکا ہے۔

افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری استنبول مذاکرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغان وفد محدود مینڈیٹ کے ساتھ شریک ہے اور طالبان حکومت کے اندر طاقت کی تقسیم کے باعث کسی بڑے معاہدے کی امید نہیں۔

’افغان مذاکراتی وفد کو قندہار کی قیادت کی طرف سے مکمل خودمختاری حاصل نہیں‘

’افغان وفد کو قندہار کی قیادت کی طرف سے مکمل خودمختاری حاصل نہیں۔ یہ زیادہ تر داخلی طاقت کے توازن کا معاملہ ہے، نہ کہ بین الاقوامی پالیسی کا۔‘

انہوں نے مزید کہاکہ افغانستان میں غیر یقینی صورتحال آئندہ برسوں تک برقرار رہ سکتی ہے، اور طالبان حکومت کے اندرونی اختلافات اگر بڑھتے رہے تو علاقائی استحکام پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات فی الحال مجبوری کی بنیاد پر چل رہے ہیں، دوستی کی بنیاد پر نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

جدہ میں اہم سفارتی سرگرمیاں، بنگلہ دیشی وزیر خارجہ کی کلیدی ملاقاتیں

سعودی عرب کا غزہ میں قائم کچن، روزانہ 36 ہزار خاندانوں کو کھانا فراہم کرے گا

طالبان کے بارے میں استاد صاحب سچے ثابت ہوئے

سعودی عرب: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی او آئی سی اجلاس میں شرکت

کوہاٹ: لیڈی ڈاکٹر کے قتل کا معمہ حل، 2 ملزمان گرفتار

ویڈیو

لاہور کے رمضان بازار، کیا اشیائے خورونوش واقعی ہول سیل ریٹ پر فروخت ہو رہی ہیں؟

آپریشن غضب للحق: 133 افغان طالبان کارندے ہلاک، 2 کور ہیڈکوارٹرز سمیت متعدد اہم ترین فوجی مراکز تباہ

بہن بھائیوں میں حسد کیوں پیدا ہوتا ہے، حضرت یوسفؑ کی کہانی ہمیں کیا سبق سکھاتی ہے؟

کالم / تجزیہ

طالبان کے بارے میں استاد صاحب سچے ثابت ہوئے

مشرق وسطیٰ اور بائبل کا ٹچ

یہ اگر مگر کا سلسلہ کب ختم ہوگا؟