گزشتہ چند دنوں سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی گلوکارہ نصیبو لعل اور ان کے شوہر نوید حسین کی ایک نوزائیدہ بچے کے ہمراہ تصویر وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نصیبو لعل کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے اور وہ 56 سال کی عمر میں ماں بن گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نصیبو لعل کا گانا اونچی آواز میں چلانے پر رکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ، ’سزا کیا ہوگی‘
وائرل تصویر پر نصیبو لعل یا ان کے اہلخانہ کی جانب سے نہ تصدیق کی گئی ہے اور نہ تردید۔ لیکن کئی سوشل میڈیا صارفین نے واضح کیا کہ تصویر میں نظر آنے والا نومولود دراصل نصیبو لعل کا پوتا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ’وہ میرے پڑوس میں رہتی ہیں؛ یہ ان کے بیٹے کا بیٹا ہے‘۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’نصیبو لعل دادی بن گئی ہیں، یہ ان کے بیٹے مراد کا بچہ ہے‘۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ مشہور پنجابی گلوکارہ نصیبو لعل نے اپنی منفرد آواز اور شاندار پرفارمنس سے شوبز انڈسٹری میں خاص مقام بنایا ہے۔ وہ نوجوان نسل میں کوک اسٹوڈیو کے ہٹ گانے ’تو جھوم‘ کے ذریعے خاصی مقبول ہیں۔
چند ماہ قبل نصیبو لعل مبینہ طور پر گھریلو تشدد کا شکار ہونے کے بعد خبروں میں آئیں، تاہم بعد میں یہ معاملہ ان کے اور ان کے شوہر کے درمیان حل ہو گیا تھا۔














