سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع کرم کے علاقے میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا۔
مزید پڑھیں: افغانستان کو سبق سیکھا دیا ہے، مزید دہشتگردی برداشت نہیں ہوگی، رانا ثنا اللہ
فورسز کے جوانوں نے آپریشن کے دوران مؤثر کارروائی کے نتيجے میں 7 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم اپنے 5 ساتھیوں کے ساتھ جام شہادت نوش کرگئے۔

شہید ہونے والے دیگر جوانوں میں حوالدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان آرمی کے خفیہ آپریشن جو دہشتگردی کے نیٹ ورک تباہ کر رہے ہیں
بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان نے انسداد دہشتگردی کے لیے وژن ’عزم استحکام‘ کی منظوری دے رکھی ہے، جس کی روشنی میں دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔














