پنجاب اسمبلی نے اسموگ اور موسمی بیماریوں کے تدارک سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا اسموگ سے نمٹنے کے لیے بڑا فیصلہ، مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل
قرارداد حکومتی رکن اسمبلی فاطمہ بیگم نے ایوان میں پیش کی، جس میں موجودہ موسمی حالات اور بڑھتی ہوئی اسموگ کی وجہ سے عوام کی صحت پر پڑنے والے شدید اثرات پر توجہ دلائی گئی۔
قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ اسموگ اور موسمی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دکانیں رات 8 بجے اور شادی ہالز زیادہ سے زیادہ رات 10 بجے بند کیے جائیں۔
’اس اقدام سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ عوام کی صحت کے مسائل سے بھی تحفظ ملے گا۔‘
قرارداد میں نشاندہی کی گئی کہ رات گئے تک دکانوں کے کھلے رہنے سے غیر ضروری رش اور بے ضابطگیاں پیدا ہوتی ہیں، جس کے نتیجے میں بیماریاں تیزی سے پھیلتی ہیں۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ اسکولوں کے اوقات اور بچوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے رات 8 بجے بازار بند کرنا عوامی مفاد میں ایک مثبت اور ضروری فیصلہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: پنجاب پولیس کا اسموگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 24 گھنٹوں میں 28 مقدمات، 396 افراد پر جرمانے
واضح رہے کہ پنجاب کو ان دنوں اسموگ نے گھیر رکھا ہے، جس کے باعث موسمی بیماریاں بھی پھوٹ پڑی ہیں۔














