بولی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو پان مصالحہ کے ایک برانڈ کی تشہیر کرنے پر قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔ کوٹا کی کنزیومر کورٹ نے اداکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔
یہ کارروائی بی جے پی رہنما اور راجستھان ہائی کورٹ کے وکیل اندر موہن سنگھ ہنی کی جانب سے دائر کردہ شکایت پر کی گئی ہے۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ متعلقہ اشتہار گمراہ کن ہے، کیونکہ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ الائچی اور پان مصالحہ کی مصنوعات ’زعفران‘ ملی ہوئی ہیں، جبکہ ان کی قیمت صرف پانچ روپے رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بگ باس 19 کی میزبانی کے لیے سلمان خان کتنے سو کروڑ لے رہے ہیں؟ حیران کن انکشاف
شکایت کنندہ کے مطابق زعفران کی فی کلو قیمت تقریباً چار لاکھ روپے ہے، اس لیے اس دعوے کی کوئی عملی بنیاد نہیں بنتی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے اشتہارات نوجوانوں کو پان مصالحہ کے استعمال کی ترغیب دیتے ہیں، جو صحت کے لیے مضر اور منہ کے سرطان (کینسر) کا ایک بڑا سبب ہے۔
اندر موہن سنگھ ہنی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’سلمان خان لاکھوں نوجوانوں کے رول ماڈل ہیں۔ ہم نے ان کے خلاف شکایت دائر کی ہے کیونکہ مشہور شخصیات کو اپنی سماجی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے۔ دوسرے ممالک کے فلمی ستارے کولڈ ڈرنکس تک کی تشہیر نہیں کرتے، مگر ہمارے یہاں تمباکو اور پان مصالحہ کی تشہیر عام ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’باپ بننا چاہتا ہوں اور بنوں گا بھی‘، سلمان خان نے خواہش کا اظہار کردیا
کوٹا کنزیومر کورٹ نے سلمان خان کے ساتھ ساتھ پان مصالحہ بنانے والی کمپنی کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ فریقین کو آئندہ سماعت کے موقع پر، جو کہ 27 نومبر کو مقرر ہے، اپنا مؤقف پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب، سلمان خان ان دنوں ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے تازہ سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں اور اپنی نئی فلم ’بیٹل آف گالوان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق، فلم کو جون 2026 میں ریلیز کرنے کا امکان ہے۔














