بھارت کے شہر احمدآباد کے علاقے رانیپ میں جیولری کی ایک دکان پر ہونے والی ڈکیتی کی ناکام کوشش کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون، جس نے چہرے کا کچھ حصہ دوپٹے سے ڈھانپ رکھا تھا، گاہک بن کر دکان میں داخل ہوئی۔ زیورات دیکھنے کے بعد اس نے اچانک دکاندار پر مرچ پاؤڈر پھینکنے کی کوشش کی تاکہ اس کی بینائی زائل کر کے زیورات لے کر فرار ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیے: پیرس کے میوزیم سے قیمتی زیورات چرانے کے الزام میں 2 مبینہ چور گرفتار
تاہم مرچ پاؤڈر دکاندار کی آنکھوں میں نہیں گیا اور اس نے فوراً جوابی کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو پکڑ لیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکاندار نے چند سیکنڈز میں خاتون کو بار بار تھپڑ مارے، تقریباً 20 سیکنڈ میں 17 بار اور پھر کاؤنٹر کے اوپر چڑھ کر اسے باہر گھسیٹ لیا۔
پولیس کے مطابق، خاتون موقع سے فرار ہوگئی تھی، تاہم واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر اس کی تلاش جاری ہے۔














