کراچی میں منوڑہ جزیرے کے قریب سمندر میں کشتی الٹنے کے باعث 3 جاں بحق جبکہ 2 کو زندہ بچا لیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق کشتی کو حادثہ بدھ کی دوپہر ہمالیہ پوائنٹ کے قریب پیش آیا جب چند افراد تفریح کے لیے کشتی پر سمندر میں گئے تھے کہ اچانک تیز لہروں کے باعث کشتی الٹ گئی۔
اطلاع ملنے پر ایدھی بحری خدمات کی ٹیموں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

کارروائی کے دوران 2 افراد کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ 3 افراد کی لاشیں بعد ازاں سمندر سے برآمد کی گئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک شخص کی لاش نیٹو جیٹی پل کے نزدیک پورٹ گرینڈ کے قریب سے ملی، جس کی شناخت عبدالوحید کے نام سے کر لی گئی ہے۔

دیگر جاں بحق افراد کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق ڈوبنے والے افراد ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے طالب علم تھے، جن کا گروپ پکنک منانے ساحل پر آیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق آج صبح قریباً 15 لوگ پکنک منانے گئے تھے، تاہم یہ ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے نہیں تھی۔













