پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف گزشتہ روز انتقال کرنے والے سینیٹر عرفان صدیقی کی اسلام آباد میں واقع رہائشگاہ پہنچ گئے۔
نواز شریف نے اپنے ساتھی عرفان صدیقی کی وفات پر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ ان کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور لیگی رہنما پرویز رشید بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے: عرفان صدیقی انتہائی مخلص اور بااعتماد ساتھی تھے، وفات پر دلی رنج ہوا، نواز شریف
نواز شریف نے کہاکہ عرفان صدیقی کی وفات میرے لیے بہت گہرا صدمہ ہے، وہ بہت قابل اور باصلاحیت انسان تھے۔
انہوں نے کہاکہ عرفان صدیقی وفا اور خلوص کا پیکر تھے، انہوں نے صحافت کے بعد سیاستدان کے طورپر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ میرا عرفان صدیقی سے قلبی تعلق تھا، ایک قریبی بھائی کی وفات پر اپنا دکھ بیان نہیں کرسکتا۔
اس موقع پر مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے صاحبزادے عمران صدیقی نے آمد اور تعزیت پر محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
گزشتہ دنوں عرفان صدیقی کی وفات پر نواز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں انہیں اپنا انتہائی مخلص اور بااعتماد ساتھی قرار دے کر دلی رنج و غم کا اظہار کیا تھا۔
نواز شریف نے کہا تھا کہ ان کے دل میں عرفان صدیقی کی بہت اچھی اور لازوال یادیں ہیں۔ ان کی وفات ایک عزیز ترین بھائی کے بچھڑ جانے کے مترادف ہے، جس کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی۔
یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کے قریبی ساتھی سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے
انہوں نے مزید کہا تھا کہ عرفان صدیقی کا قلم ہمیشہ حق اور سچ کے باب لکھتا رہا۔













