وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ترجمان شفیع جان نے کہا ہے کہ جرگہ اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور معاہدے کا حتمی مسودہ تقریباً تیار ہے، مغرب کی اذان کے بعد شرکا نماز ادا کر رہے ہیں، جس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے اس مسودے پر دستخط کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بند کمروں کے فیصلوں سے امن قائم نہیں کیا جا سکتا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ جرگہ صبح 10 بجے شروع ہوا اور دن بھر مختلف نکات پر مشاورت کے بعد اب تمام شرکا اتفاقِ رائے سے ایک نتیجے پر پہنچنے کے قریب ہیں۔ حتمی مسودہ میڈیا، سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ عوام کو بھی اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جاسکے۔
🔥 پشاور میں تاریخ رقم!
خیبرپختونخوا کا سب سے بڑا جرگہ اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل
سابق وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور تمام قبائلی رہنما ایک میز پر!
شفیع جان کا کہنا ہے "ڈرافٹ تقریباً فائنل، پورے پاکستان کی نظریں اس جرگے پر ہیں!" pic.twitter.com/VdWYACqeVp— Nadir Baloch (@BalochNadir5) November 12, 2025
ترجمان نے کہا کہ یہ جرگہ صوبے میں دہشتگردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس جرگے میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی، یہاں تک کہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو بھی مدعو کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں امن جرگہ، وفاق کو عملی سفارشات بھیجی جائیں گی
خواتین کی شرکت سے متعلق سوال پر ترجمان نے وضاحت کی کہ جرگے میں خواتین کو بھی مدعو کیا گیا تھا، تاہم زیادہ تر نے شرکت نہیں کی۔ البتہ جرگے کے اختتام پر ایک خاتون نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جب کہ سوات چیمبر آف کامرس کی صدر، جو ایک خاتون ہیں، وہ بھی تقریب میں شریک تھیں۔













