کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کا باضابطہ عمل شروع ہوگیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا عمل 13 نومبر سے 17 نومبر 2025ء تک جاری رہے گا۔ امیدوار اپنے کاغذات متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناعی جاری
امیدواروں کی ابتدائی فہرست 18 نومبر کو شائع کی جائے گی، جب کہ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 سے 24 نومبر تک ہوگی۔
ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں اپیلیٹ ٹریبونل میں 28 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی۔ ان اپیلوں پر فیصلے کی آخری تاریخ 3 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے بغیر جمہوریت ممکن نہیں، خواجہ آصف
امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 4 دسمبر کو جبکہ دستبرداری کے بعد حتمی فہرست 5 دسمبر کو جاری ہوگی۔
شیڈول کے مطابق انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 6 دسمبر کو کی جائے گی۔
بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ اتوار 28 دسمبر 2025ء کو ہوگی، جب کہ نتائج کی تکمیل 31 دسمبر 2025ء تک کی جائے گی۔
پولنگ کے اوقات صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔














