وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان دہشتگردی کی سرپرستی کررہا ہے اور اس کے پیچھے بھارت بھی ہے۔ ہم ایسے عناصر کا زمین کے آخری کونے تک پیچھا کریں گے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت میں خواجہ آصف نے بتایا کہ چند روز قبل ہوئے حملے میں افغان شہری ملوث تھے اور حالیہ اسلام آباد دھماکے میں بھی افغان شہری ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد دھماکا: دارالحکومت کو دہشتگردوں سے محفوظ بنانے کے لیے ’سیکیور نیبر ہڈ‘ سروے کرانے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بارہا افغانستان کو آگاہ کیا مگر کابل ذمہ داری قبول نہیں کرتا، یہ واقعہ پوری دنیا کے سامنے ثبوت ہے کہ افغانستان دہشتگردوں کی حمایت کررہا ہے اور بھارت بھی افغانستان کی پشت پناہی کررہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہاکہ ہم نے جنگ جیتی ہے اور دہشتگردی کے خلاف بھی فتح حاصل کریں گے، اور دہشتگردی کے پیچھے کارفرما عناصر کا زمین کے آخری کونے میں پیچھا کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے افغانستان سے بار ہا یہ مطالبہ کیا جا چکا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، لیکن افغان طالبان کی جانب سے ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی نہیں کی جارہی۔
حال ہی میں استنبول میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں بھی کسی نکتے پر اتفاق نہیں ہو سکا، افغانستان تحریری طور پر کوئی بھی معاہدہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔
مزید پڑھیں: کیڈٹ کالج وانا پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی، شواہد مل گئے
گزشتہ ماہ افغانستان نے پاکسانی سرحد کی خلاف ورزی کی تھی، جس کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔ اس کے بعد ترکیہ اور قطر کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات ہوئے، تاہم کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔














