ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں کارروائی کے دوران بین الصوبائی خطرناک کلاشنکوف گینگ کا سرغنہ پولیس پر فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔ گینگ کے ارکان ٹیکسلا، راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو 35 سے زائد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا گولڑہ میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 47 مشکوک افراد تھانے منتقل
پولیس چیکنگ کے دوران ملزمان نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر کے بلٹ پروف جیکٹ پر گولی لگی، تاہم حفاظتی اقدامات، بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے ان کے اپنے ہی 2 ساتھی زخمی ہوئے جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔ زخمی ملزم رحمت خان بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مزید پڑھیں: سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا
پولیس نے کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان سے کلاشنکوف، دیگر اسلحہ، گولیاں، موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ ساتھی ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔














