پشاور کے علاقہ صدر میں واقع ایف سی (فیڈرل کانسٹیبلری) ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر 2 خودکش دھماکے ہوئے ہیں۔ ایک دھماکہ مین گیٹ پر اور دوسرا موٹرسائیکل اسٹینڈ پر ہوا۔ دھماکوں سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور تھے جو ہیڈکوارٹر کے اندر گھسے۔ ایک مرکزی گیٹ کے قریب اور دوسرا موٹر سائیکل اسٹینڈ پر جا کر پھٹا۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں خود کش حملہ آور ہلاک ہوگئے جبکہ اس حملے میں 3 اہلکار بھی شہید ہوئے۔
ایک عینی شاہد عدنان احمد نے بتایا کہ انہیں 2 حملہ اور نظر آئے جنہوں نے ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر حملہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے پہلے گرنیڈ پھینکے اور پھر اندر داخل ہوئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ایمبولینسز سمیت جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک 3 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے بھی حملے کی تصدیق کی ہے۔ جس کے بعد سنہری مسجد روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے ۔ ٹریفک کو صدر روڈ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ جبکہ بی آر ٹی سروس بھی بند کردی گئی ہے۔













