اپنی الوداعی مصروفیات کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: الوداعی ملاقات: جنرل ساحر شمشاد نے تینوں افواج میں ہم آہنگی بڑھائی، فیلڈ مارشل عاصم منیر
سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
بعد ازاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے سربراہ پاک فضائیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی مثالی خدمات اور تینوں مسلح افواج میں ہم آہنگی کو مضبوط و مربوط بنانے میں ان کے اہم کردار کی تعریف کی۔
سربراہ پاک فضائیہ نے قومی دفاع کے لیے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی نمایاں خدمات کو بھی سراہا اور دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے مسلح افواج کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے پاک فضائیہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیے: پاکستان کے آخری جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی وزیراعظم سے الوداعی ملاقات
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں، عملی مہارت، جدت طرازی اور اپ گریڈیشن کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت و لگن کو سراہا اور دہشتگردی کے عفریت کے خلاف قومی جنگ میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔

انہوں نے پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے مابین موجودہ ہم آہنگی کو بھی سراہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ تعاون مستقبل میں مزید فروغ پاتا رہے گا۔
مزید پڑھیں: جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نیول ہیڈکوارٹرز کا الوداعی دورہ
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فضائیہ کی بھرپور حمایت پر ایئر چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پی اے ایف اور اسکی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔














