فرانسیسی مصور رینوار کی نایاب پینٹنگ 1.68 ملین ڈالر میں نیلام

بدھ 26 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس میں ڈروؤٹ ہاؤس کی جانب سے منعقدہ نیلامی میں مایہ ناز فرانسیسی امپریشنسٹ مصور پیئر آگست رینوار کی ایک نایاب پینٹنگ 1.68 ملین ڈالر میں فروخت ہوگئی۔

’چائلڈ وِد ٹوائز، گیبریئیل اینڈ دی آرٹسٹز سن، ژاں‘ کے عنوان سے 1895 کے لگ بھگ بنائی گئی یہ تخلیق رینوار نے اپنی واحد شاگرد اور قریبی دوست جین بودو کو تحفے میں دی تھی، اور تب سے یہ انہی کے خاندان کی ملکیت میں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جنیوا: پکاسو کے قدیم منفرد فن پارے توقعات سے زیادہ قیمت پر نیلام

رینوار امپریشنزم کے اُن صفِ اوّل کے فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے انیسویں صدی کے اختتام پر مصوری کے امکانات کو نئی جہت دی۔

اگرچہ ان کی 130 سالہ پرانی اس پینٹنگ کی حالیہ فروخت خاصی اہم ہے، تاہم قیمت اُس ریکارڈ سے کہیں کم رہی جو کلاڈ مونیا کی معروف ’ہے اسٹیکس‘ سیریز میں سے ایک پینٹنگ نے 2023 میں 110.7 ملین ڈالر پر قائم کیا تھا۔

یہ مصوری رینوار کے بیٹے ژاں رینوار اور ان کی آیا گیبریئیل ریناڑ کو دکھاتی ہے، گیبریئیل وہ ماڈل تھیں جنہوں نے تقریباً 200 فن پاروں کے لیے رینوار کے سامنے پوز کیا۔

مزید پڑھیں: اطالوی مصور کا قدیم فن پارہ ساڑھے 11 ارب روپے میں نیلام

نیلامی کے منتظم کرسٹوف ژوروں-دیرم کے مطابق یہ قربت کا شاہکار ہے۔ ’یہاں ژاں اور گیبریئیل کے درمیان بے حد نرم اور پیار بھرا تعلق نظر آتا ہے، اور گیبریئیل کی یہی مہارت ہے کہ وہ بچے کو اس طرح تھامے رکھتی ہیں کہ رینوار اسے باآسانی پینٹ کر سکیں۔‘

1894 میں پیدا ہونے والے ژاں رینوار آگے چل کر ایک ممتاز فلم ساز بنے، وہ 1979 میں وفات پا گئے۔

رینوار کے ماہر اور آرٹ کنسلٹنٹ پاسکال پیرین کا کہنا ہے کہ یہ فن پارہ ’غیر معمولی حد تک محفوظ حالت‘ میں ہے اور اس کے تمام رنگ آج بھی ’بے مثال طور پر‘ واضح ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp