میں اور مونس عمران خان کے ساتھ ہیں لیکن ضروری نہیں کہ بیانیے کی بھی حمایت کریں: پرویز الٰہی

پیر 22 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ڈٹ کر ساتھ دیں گے۔ ہمیشہ کوشش رہی کہ فوج اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہوں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے ساتھ جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے۔

انہوں نے کہا کہ فوج ہمارا اپنا ادارہ ہے، غلط فہمیاں الگ چیز ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہونے چاہییں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس کی اپنی اپنی ایک حیثیت ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے۔ یہ چیزیں اللہ کے اختیار میں ہوتی ہیں جس کو وہ عزت دے وہ کوئی چھین نہیں سکتا۔

چوہدری وجاہت نے جو فیصلہ کیا اس پر کوئی افسوس نہیں

انہوں نے کہا کہ چوہدری وجاہت حسین نے جو فیصلہ کیا اس کا کوئی افسوس نہیں۔ میں اور مونس الٰہی اکٹھے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں چوہدری وجاہت حسین نے پرویز الٰہی کو خیر باد کہہ دیا، شجاعت گروپ میں واپسی

پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم ان کے بیانیے کو بھی سپورٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمارا ساتھ دیا اور اب ہمارا فرض ہے کہ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہیں۔ یہی ہماری سیاست کا اصول ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ آج جو کچھ ہوا ایسے واقعات سیاست میں ہوتے رہتے ہیں۔ 2004 میں بھی میں جب وزیراعلیٰ بنا تو یہ بھول گیا کہ کون میرا مخالف ہے اور کون نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قوم کو ترقی کا ایک راستہ دینا ہے۔ ہمارے لیے مثال قائد اعظم محمد علی جناح ہیں۔ جب میں وزیراعلیٰ بنا تو ختم نبوتؐ کے حوالے سے کردار ادا کیا جس میں میرے بچوں کا بھی کردار رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp