وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ کے سندھ سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے بھارت میں شامل ہونے کا تصور محض ایک خواب اور خام خیالی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:’سرحدیں بدل سکتی ہیں، سندھ کل بھارت کا حصہ بھی بن سکتا ہے‘، راجناتھ سنگھ کا متنازع بیان
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ قیامت تک پاکستان کا حصہ رہے گا اور بھارت کی یہ خواہشیں کبھی پوری نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ وہ صوبہ ہے جس نے پاکستان کے قیام کے لیے قرارداد منظور کی تھی اور پاکستان کے وجود کی بنیاد رکھی تھی، اس لیے اس خطے کے متعلق کوئی بھی دعویٰ یا خواہش محض غیر سنجیدگی ہے۔

بھارتی حکمران جماعت پر تنقید کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بھارتی قیادت کی خواہشات کی کوئی حد نظر نہیں آتی۔ پاکستان کی فضائیہ نے ماضی میں بھارت کو جس طرح واضح شکست دی، اس کے بعد بھارتی حکومت اور اس کا عسکری نظام دنیا کے سامنے شرمندگی کا سامنا کر چکا ہے اور آج بھی اس حقیقت کو قبول کرنے کے قابل نہیں۔
شرجیل میمن نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہے گا۔ بھارتی وزیر دفاع کو خواب دیکھنا بند کر دینا چاہیے۔












