خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگ سکتا ہے، وزیرمملکت نے واضح بتا دیا

اتوار 30 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیرمملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورننس اور دہشتگردی کے واقعات بڑھ چکے ہیں، صوبائی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے، صوبے میں 2 ماہ کے لیے گورنر راج لگایا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں احتجاج کیا تو پارٹی پر پابندی اور کے پی میں گورنر راج، فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کو خبردار کردیا

نجی ٹی وی پروگرام میں وزیرمملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل سے سوال کیا گیا کہ کیا خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگایا جارہا ہے؟ جواب میں بیرسٹر عقیل نے کہا کہ صوبے کے حالات دیکھیں تو مشکل صورتحال سے صوبہ گزر رہا ہے، صوبے میں دہشتگردی ہے، گورننس کے معاملات ٹھیک نہیں، ان چیزوں کو نہایت سنجیدگی سے دیکھا جارہا ہے۔

بیرسٹر عقیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور ان کی ٹیم بری طرح ناکام ہے، صوبائی حکومت وفاق سے تعاون نہیں کررہی، جہاں جہاں صوبائی حکومت کو بتایا جاتا ہے کہ کارروائی کی ضرورت ہے تو صوبائی حکومت کسی قسم کا تعاون یا کارروائی نہیں کرتی، صوبے میں گورننس اور دہشتگردی کو دیکھتے ہوئے گورنر راج پر غور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج اشد ضرورت کے تحت لگایا جاتا ہے، خیبرپختونخوا کے حالات گورنر راج کے متقاضی ہوچکے ہیں، صوبے میں 2 ماہ کے لیے گورنر راج لگایا جاسکتا ہے، تاکہ وہاں کوئی ایسا انتظامی ڈھانچہ ہو جو کم از کم ملک کو فائدہ پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل کسی بھی صوبے میں گورنر راج لگانے کا اختیار صدر مملکت کا استحقاق ہے، صدر مملکت وزیراعظم کی ایڈوائس پر ہی گورنر راج لگاسکتے ہیں، وفاقی حکومت سنجیدگی سے اس پر غور کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ن لیگ کی حکومت بنانے کی تیاریاں ہورہی ہیں، شیخ وقاص اکرم کا دعویٰ

بیرسٹر عقیل نے کہا کہ آپ کب تک خیبرپختونخوا کے عوام کو بے یارو مددگار یا لاوارث چھوڑیں گے، صوبے کی وزیراعلیٰ کی ترجیعات میں صوبے میں امن و امان قائم کرنا، گورننس بہتر کرنا اور شہریوں کو بہترین سہولیات دینا ہے تاہم خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی ترجیح اڈیالہ جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں 2 ماہ کے لیے گورنر راج لگایا جاسکتا ہے، ضرورت کے مطابق اس مدت میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے، 2009 میں پنجاب میں گورنر راج لگایا گیا، دیگر صوبوں میں مختلف وقتوں میں گورنر راج لگایا جاتا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی گونج، پی ٹی آئی کو اس فیصلے سے فائدہ ہوگا یا نقصان؟

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان بارڈر پر جس طرح کے حالات ہیں، دہشتگردی کی لہر ہے، جرائم بہت زیادہ ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، سہیل آفریدی نے انکار نہیں کیا کہ تیرہ میں ان کی زمین موجود نہیں، اگر تحقیقات کی جائیں تو ثبوت سامنے آجائیں گے۔

چیف آف ڈیفینس فورسز کے نوٹیفکیشن سے متعلق سوال کے جواب میں بیرسٹر عقیل نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر دفاع نے وضاحت دے دی ہے، 27ویں ترمیم کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف ہی چیفس آف ڈیفینس فورسز ہیں، اس حوالے سے چہمگوئیاں فضول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی وطن واپسی پر نوٹیفکیشن بھی آجائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp