سندھ کابینہ نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں رینجرز کی تعیناتی میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق رینجرز کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کے ساتھ پولیس کی معاونت جاری رکھنے کی اجازت بھی برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ کا کچے کے علاقے میں پولیس، رینجرز اور فوج کے ذریعے آپریشن کا فیصلہ
نئی منظوری کے تحت سندھ رینجرز کی تعیناتی کی مدت 9 دسمبر 2025 سے مؤثر سمجھی جائے گی۔
کراچی میں رینجرز کی تعیناتی 1990 کی دہائی سے وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کا بنیادی مقصد بڑھتی ہوئی بدامنی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور جرائم پیشہ گروہوں کے اثرورسوخ کا خاتمہ ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت خواب دیکھنا چھوڑ دے، سندھ قیامت تک پاکستان کا حصہ رہے گا، شرجیل میمن
2013 کے آپریشن کے بعد شہر میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری سامنے آئی، جس کے نتیجے میں رینجرز کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت اضافی اختیارات دیے گئے۔
جس کا مقصد تھا کہ رینجرز پولیس کے ساتھ مل کر دہشت گردی، سنگین جرائم اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔
مزید پڑھیں: سندھ کوئی کیک نہیں جو بانٹ دیا جائے، پیپلز پارٹی کا مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل
حالیہ برسوں میں بھی امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لیے رینجرز کی موجودگی کو ضروری قرار دیا جاتا رہا ہے۔
صوبائی کابینہ کی جانب سے ایک سال کی حالیہ توسیع اسی پالیسی کا تسلسل ہے، جس کا مقصد شہر میں سیکیورٹی کے مستقل قیام کو یقینی بنانا ہے۔














