سابق صوبائی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آج صوابی انٹرچینج پر احتجاج کا اعلان احمد خان نیازی نے کیا ہے، مرکزی احتجاج اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر ہوگا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پارٹی اور وزیرِ اعلیٰ نے یہ اعلان کیا ہے کہ منتخب لوگ اڈیالہ جیل پہنچیں، اسی ہدایت کے مطابق کارکنان اڈیالہ جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوابی میں ہونے والا احتجاج صرف ٹوکن احتجاج ہے، پارٹی کی مرکزی کال اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر احتجاج کے حوالے سے ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پارٹی میں نظم و ضبط ہونا چاہیے مگر صوابی جلسے میں بدنظمی تھی، شوکت یوسفزئی
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گورنر راج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، لیکن کیا گورنر راج لگانے سے حالات بہتر ہوں گے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ پشاور میں اقتدار کے حصول کے لیے غلط قسم کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب احمد نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا احتجاج بانیِ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے ہے۔ ان کے مطابق موٹروے کو صوابی کے مقام پر بند کیا جائے گا اور احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بہنوں کی جانب سے احکامات موصول نہیں ہو جاتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آج کا احتجاج صوابی تک محدود رہے گا۔














