بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی روایتی سلیمانی چائے اپنی منفرد خوشبو اور ہلکے مگر دل کو بھانے والے ذائقے کی وجہ سے شہریوں اور سیاحوں میں بے حد مقبول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: 23 اقسام کی چائے پیش کرنے والا ہوٹل شہریوں کی توجہ کا مرکز
سلیمانی چائے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دودھ کے بغیر تیار کی جاتی ہے اور اس میں لیموں، دارچینی، لونگ اور کبھی کبھار دیگر مصالحے شامل کیے جاتے ہیں جس سے اس کا ذائقہ عام چائے سے بالکل مختلف اور تازگی بخش بن جاتا ہے۔
چائے بنانے کا عمل بھی خاص ہے۔ سب سے پہلے پانی میں چائے کی پتیاں ابال کر اس میں مصالحے ڈالے جاتے ہیں، پھر چند منٹ بعد اس میں لیموں کا رس یا ٹکڑا شامل کیا جاتا ہے۔ یہ عمل چائے میں خوشبو اور ہلکی کھٹاس پیدا کرتا ہے جو سردیوں میں جسم کو گرم رکھنے اور دن بھر توانائی دینے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیے: کوئٹہ کا انوکھا کیفے جہاں گرما گرم چائے کے ساتھ کتابیں پیش کی جاتی ہیں
شہری اور سیاح سلیمانی چائے کو اس کے ہلکے ذائقے، فرحت بخش اثر اور تیز خوشبو کی وجہ سے پسند کرتے ہیں۔
کوئٹہ کے ہوٹل اور قہوہ خانے اسے تانبے کے چھوٹے برتنوں میں تیار کرکے کپ میں پیش کرتے ہیں جس سے چائے کا ذائقہ اور خوشبو اور بھی زیادہ نمایاں ہو جاتی ہے۔
مقامی لوگ اسے مہمان نوازی کا لازمی حصہ بھی مانتے ہیں اور اکثر کھانے کے بعد ہاضمے کے لیے پیتے ہیں۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ کی چینکی چائے میں خاص بات کیا ہے؟
سلیمانی چائے نہ صرف کوئٹہ کے سرد موسم میں جسم کو گرم رکھتی ہے بلکہ اس کا سادہ اور منفرد ذائقہ اب شہر کی ثقافتی پہچان بھی بن چکا ہے۔ دیکھیے چائے کی خوشبو میں رچی بسی یہ ویڈیو رپورٹ۔












