وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان نے تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین، کرغزستان، ازبکستان ریلوے منصوبہ خطے کے لیے اہم ہے، یہ منصوبہ خطے کے لیے اہم معاشی موقع ہے، کراچی اور گوادر کرغزستان کے لیے بہترین رسائی فراہم کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرغزستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم نے کہا کہ کرغزستان کا وفد 20 سال بعد پاکستان آیا ہے، دونوں ممالک نے تجارتی حجم 20 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، ہم نے زراعت اور ٹورازم میں بھی باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساڑھے 8 ہزار طلبہ کرغزستان میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کررہے ہیں، کاسا 1000 کے لیے پاکستان اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے کرغزستان کے صدر ژاپاروف نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور کرغزستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور کرغزستان کے درمیان متعدد شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ
ملاقات میں تجارت، توانائی، مواصلات اور دیگر مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 20 سال بعد کرغزستان کے سربراہ کا پاکستان کا دورہ نہایت خوش آئند ہے اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں صدر ژاپاروف کا یہ دورہ انتہائی مفید ثابت ہوگا۔کرغزستان کے صدر ژاپاروف نے پرُتپاک استقبال پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات میں صدر ژاپاروف نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے اور باہمی اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرغزستان کے صدر پاکستان پہنچ گئے، صدر مملکت و وزیراعظم نے خوش آمدید کہا
اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔














