راجا خلیق الزمان انصاری جو کہ وزارت اطلاعات و نشریات (حکومت پاکستان) کے سندھ کے لیے ترجمان مقرر کیے گئے ہیں، کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان کراچی کے لیے صرف سوچ نہیں رہی بلکہ کام کر رہی ہے۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن قائم کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں، کراچی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گرین لائن بی آر ٹی فیز ٹو کے ترقیاتی کام کو دوبارہ بحال کرنا ہو وفاقی حکومت پیش پیش رہتی ہے۔
مزید پڑھیں: آج سے کراچی تا لاہور شروع ہونے والی شالیمار ایکسپریس میں نیا کیا ہے؟
’سکھر سے حیدر آباد موٹر وے یا کراچی سے حیدر آباد کو جوڑنا ہو، لیاری ایکسپریس وے کا کام ہو، کراچی کینٹ اسٹیشن کو اسٹیٹ آف آرٹ کینٹ اسٹیشن میں تبدیل کرنا ہو، کراچی سے چلنے والی ٹرینز کی اپ گریڈیشن ہو یا پھر ریلوے ٹریک بچھانا ہو، یہ وفاق کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر کے لیے ترقی کا سفر ہے جو جاری ہے۔‘
راجا خلیق الزمان انصاری نے کہاکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے جبکہ شہری حکومت بھی انہی کے پاس ہے، چند روز قبل بچے کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا، جس کا دکھ پوری قوم کو ہے، یہ ایک افسوس ناک واقعہ تھا، ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے اس شہر کی ذمہ داری ہم سب کو لینا ہوگی۔
’اس بچے کی ناگہانی موت کا مجھ سمیت ہر شہری ذمے دار ہے، ہر وہ شخص ذمہ دار ہے جس نے بنا ڈھکن کے گٹر دیکھا اور اس پر ڈھکن نہیں لگایا۔‘
راجا خیق الزمان انصاری کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ عام نہیں خاص لوگ ہیں، سب چیزوں کا علم رکھنے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ ن کو ووٹ کیوں نہیں کرتے، لسانیت کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کیوں نہیں دیتے؟ کراچی کے لوگوں کو بدلنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبائی مختاری ایک اچھی چیز ہے لیکن پاکستان ایک وفاقی ملک ہے، یہاں ایک وفاقی حکومت وجود رکھتی ہے تو ہمیں کارکردگی کی بنیاد پر بھی چیزوں کو دیکھنا پڑے گا، 18ویں ترمیم بہتر تو ہے لیکن صوبے میں جس جماعت کی حکومت ہوگی وہی اس سے فائدہ لے سکے گی، کراچی کے لوگ ہمیں آزما کر دیکھیں۔
راجا خلیق الزمان انصاری نے کراچی کو صوبہ بنانے سے متعلق اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہاکہ وفاق اس معاملے میں عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا، جہاں کی صوبائی اسمبلی چاہے وہاں صوبے ضرور بننے چاہییں، لیکن جہاں کی صوبائی حکومت نہیں چاہے گی وہاں آئینی طور پر صوبہ بن ہی نہیں سکتا۔
مزید پڑھیں: پنک بس کے نئے روٹ کا آغاز، سندھ حکومت نے کراچی کی خواتین کو خوشخبری سنا دی
ان کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ وفاق کرے گا، کچھ عرصہ بعد خبر آتی ہے کہ گورنر سندھ کو ہٹایا جا رہا ہے یہ ایک اعزازی عہدہ ہے گورنر کے پاس کوئی خاص اختیارات ہوتے نہیں، میرے علم میں نہیں کہ گورنر سندھ کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔













