پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) آج اتوار کو لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ایک اہم روڈ شو کا انعقاد کر رہی ہے۔
اس روڈ شو کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کے سامنے لیگ کی تجارتی صلاحیت، عالمی وسعت اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور پی ایس ایل کی میزبانی کو تیار، گورنر کنڈی کا اسٹیڈیم کا دورہ
پی ایس ایل، پاکستان کی نمایاں ترین ٹی20 لیگ ہے، جس میں 6 شہروں کی نمائندگی کرنے والی ٹیمیں ہر سال اعزاز کے لیے مدمقابل ہوتی ہیں۔
ٹورنامنٹ کا 11واں ایڈیشن آئندہ برس اپریل اور مئی میں متوقع ہے۔
HBL PSL is coming to the Home of Cricket! 🏏
An exclusive evening designed for investors to connect with the PSL leadership, explore upcoming commercial opportunities, and enjoy a refined blend of entertainment and cricket engagement.
For more information, contact:… pic.twitter.com/kXWP8j6hgZ
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) December 2, 2025
پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ اس سال لیگ میں 2 نئی فرنچائزز شامل کی جائیں گی، جس کے بعد ٹیموں کی کل تعداد 8 ہو جائے گی۔
بورڈ کے مطابق سال کے آغاز میں ہی برطانوی سرمایہ کار گروپس کی جانب سے نئی ٹیموں میں گہری دلچسپی ظاہر کی جا چکی ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ لندن روڈ شو کا مقصد اسی دلچسپی کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ کاروں اور کرکٹ شائقین کو لیگ کے تجارتی ڈھانچے اور مستقبل کے وژن سے روشناس کرانا ہے۔
مزید پڑھیں:جنوبی افریقہ کے اسٹار کھلاڑی نے آئی پی ایل کے بجائے پی ایس ایل کھیلنے کا فیصلہ کرلیا
پی سی بی کے مطابق اس تقریب میں کاروباری شخصیات، ممکنہ فرنچائز مالکان اور کرکٹ سے وابستہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ روڈ شو پی ایس ایل کی عالمی توسیع، اسٹریٹجک شراکت داری اور اعلیٰ معیار کی کرکٹ کے عزم کو اجاگر کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے مطابق، یہ ایونٹ عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور پی ایس ایل کی طویل المدتی ترقی اور جدت کے وژن کو شیئر کرنے کا اہم موقع ہے۔
مزید پڑھیں:پی ایس ایل فرنچائزز کے نئے 10 سالہ معاہدے: 2 نئی ٹیموں کا اضافہ، لیگ 8 ٹیمیں کھیلیں گی
’ہم لندن میں سرمایہ کاروں اور کرکٹ کے شائقین کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔‘
گزشتہ 10 برسوں میں پی ایس ایل نے اپنی مقبولیت اور معیار کے باعث انڈین پریمیئر لیگ، بگ بیش لیگ، دی ہنڈرڈ اور کیریبین پریمیئر لیگ سمیت عالمی کرکٹ کی بڑی لیگز کے ساتھ شانہ بشانہ مقابلہ کیا ہے اور دنیا بھر میں بھرپور ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔

















