ملک بھر میں ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے اور مسافروں کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بڑے منصوبے تیزی سے تکمیل جانب گامزن ہیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل کی توسیع کا منصوبہ ستمبر 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
ترجمان پی اے اے کا کہنا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے کی اپ گریڈیشن جنوری 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے کارگو چارجز میں 100 فیصد تک اضافہ کر دیا، فوری نفاذ
پی اے اے نے بتایا کہ اسکردو، گلگت اور چترال ایئرپورٹس پر پریسیشن نیوی گیشن سے متعلق فلائٹ پروسیجر جون 2026 تک نافذ کر دیے جائیں گے۔
’۔۔۔جس سے خراب موسم کے باعث پروازوں میں تاخیر اور منسوخی میں نمایاں کمی آئے گی۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان، سکھر اور فیصل آباد میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹس کی منصوبہ بندی جاری ہے، جبکہ اسکردو ایئرپورٹ کے فیز 2 اپ گریڈ اور منڈی بہاؤالدین جنرل ایوی ایشن ایئرڈروم کی توسیعی سرگرمیاں اگلے سال شروع ہوں گی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے 25 منزلہ ہیڈکوارٹر کی منظوری
کراچی ایئرپورٹ پر نئے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ریسکیو فائر اسٹیشن کے لیے مقامات کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جو فضائی ٹریفک مینجمنٹ اور سیکیورٹی کو مزید موثر بنائیں گے۔
پی اے اے کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر کو مزید محفوظ، جدید اور مؤثر بنانے کی سمت اہم پیشرفت ہیں، جن سے ملک بھر کے مسافروں کو بہتر اور عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی۔














