معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان ندا یاسر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق اپنے حالیہ بیان کے باعث ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہیں۔
گزشتہ دنوں ندا یاسر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز اکثر ڈیلیوری کے وقت ’چینج‘ نہیں لاتے، ان کا کہنا تھا کہ آپ اپنی مرضی سے ان کو ٹپ دے دیں تو وہ اور بات ہے لیکن اگر وہ جھوٹ بول رہے ہیں تو میں ڈرائیور کو بلاتی ہوں اور کہتی ہوں جا کر کھلے پیسے لے کر آؤ۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیلیوری والوں کے پاس چینج نہ ہونے پر بدنیتی کا الزام، ندا یاسر کو لوگوں نے آڑے ہاتھوں لےلیا
ندا یاسرکے اس بیان نے فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کیا۔ انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے نِدا یاسر سے علانیہ معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
View this post on Instagram
ان کا کہنا ہے کہ محنت کش طبقات کے بارے میں ایسے تضحیک آمیز الفاظ کہنا نامناسب اور تکلیف دہ ہے۔ ایک رائیڈر نے کہا کہ ’ندا آرام سے شو میں بیٹھی چائے پیتی ہیں، انہیں معلوم نہیں کہ ہم روزانہ کن حالات میں کام کرتے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے بیانات سے رائیڈر کی دل آزاری ہوتی ہے، رائیڈر کے پاس آپ جیسا سکون نہیں ہوتا، ایک ڈیلیوری کے بعد اس کو دوسری کی فکر ہوتی ہے۔ آپ کو یہ سوچنا چاہیے کہ بارش ہو یا بیماری ہر صورت میں وہ آپ تک پہنچتا ہے۔ آپ کو اس بیان پر مارننگ شو میں آ کر معافی مانگنی چاہیے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی رائیڈرز کی حمایت کرتے ہوئے نِدا یاسر کے بیان کی مذمت کی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ لوگ سخت گرمی اور سردی میں کام کرتے ہیں، ایسے محنت کشوں کے بارے میں اس طرح بات کرنا افسوسناک ہے‘۔ جبکہ ایک اور نے تجویز دی کہ ’تمام رائیڈرز کو ندا کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہیے‘۔














