وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے بیٹے جنید صفدر کا رشتہ دوبارہ طے ہوگیا ہے، جنید صفدر کا نکاح مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کی پوتی سے طے ہوا ہے۔ خاتون شیخ روحیل اصغر کے صاحبزادے علی روحیل اصغر کی صاحبزادی ہیں۔
دونوں خاندان شادی کی تقریبات دسمبر کے آخری ہفتے یا جنوری کے آغاز میں منعقد کرنے پر متفق ہو چکے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ شادی کی تمام روایتی رسومات اور تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم امکان یہی ہے کہ تمام تقریبات محدود پیمانے پر ہوں گی اور صرف قریبی عزیز و اقارب ہی مدعو کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کا رشتہ طے ہوگیا
شریف خاندان اور شیخ روحیل اصغر کے خاندان کی جانب سے باقاعدہ ایک خصوصی ایونٹ بھی منعقد کیا جا چکا ہے جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد نے شرکت کی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد متوقع ہے۔
واضح رہے کہ مئی 2025 میں بھی خبریں آئی تھیں کہ جنید صفدر کا رشتہ دوبارہ طے ہوگیا ہے جو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی عزیزوں میں طے ہوا ہے۔ کہا جا رہا تھا کہ جیند صفدر کی شادی نواز شریف کے رشتہ دار کی پوتی سے ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: عائشہ اور میری طلاق ہو گئی، جنید صفدر کی تصدیق
جنید صفدر اور عائشہ کا نکاح اگست 2021 میں لندن کے لینزبرا ہوٹل میں ہوا تھا، ان کی شادی کی تقریبات پاکستان میں ہوئی تھیں۔ اکتوبر 2023 میں جوڑے نے طلاق لے لی تھی۔ جنید صفدر کی سابقہ اہلیہ عائشہ معروف بزنس مین سیف الرحمان کی صاحبزادی ہیں جو ان دنوں قطر میں مقیم ہیں۔
سیف الرحمان اور شریف خاندان کے تعلقات کی تو دونوں خاندانوں کے درمیان بڑے قریبی تعلقات ہیں، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے دوسرے دور حکومت میں سیف الرحمان کو قومی احتساب بیورو (نیب) کا چیئرمین بھی مقرر کیا تھا۔














