سیب اور ہینڈ واش کی چوری، لاہور میں پاکستانی تاریخ کا دلچسپ مقدمہ درج

منگل 9 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں سیشن کورٹ کے ایک جج کے چیمبر سے 2 سیب اور ایک ہینڈ واش چوری ہونے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، جو سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا موضوع بن چکا ہے۔

تھانہ اسلام پورہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ 5 دسمبر کو پیش آیا، جب ایڈیشنل سیشنز جج نور محمد بسمل کے چیمبر سے 2 سیب اور ہینڈ واش چوری پایا گیا۔ چوری شدہ اشیا کی مجموعی مالیت 1000 روپے بتائی گئی ہے۔

مقدمہ جج کے ریڈر کی مدعیت میں درج کیا گیا، جن کے مطابق یہ رپٹ جج صاحب کی ہدایت پر درج کرائی گئی۔

پولیس نے مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 380 کے تحت درج کیا ہے، جس کے تحت چوری ثابت ہونے پر ملزم کو 7 سال تک قید یا جرمانہ، یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر طنز و تبصرے

اس انوکھی ایف آئی آر نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی۔
متعدد صارفین حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کے نظامِ انصاف پر سوالیہ نشان قرار دے رہے ہیں۔

ایک صارف نے طنزاً کہا کہ شاید چوری شدہ سیب اور ہینڈ واش کی ریکوری کے لیے جے آئی ٹی بھی بنا دی جائے!

دوسرے صارف نے لکھا کہ عام آدمی کے لاکھوں، کروڑوں لوٹ لیے جائیں تو ایف آئی آر نہیں ہوتی، لیکن جج صاحب کے سیب چوری ہوں تو پوری ریاست حرکت میں آجاتی ہے۔

کئی افراد نے اس واقعے کا تقابل اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے 2 لڑکیوں کی ہلاکت کے کیس سے بھی کیا، جس میں مبینہ طور پر ایک اعلیٰ عدالتی افسر کا بیٹا ملوث ہے۔

قانونی ماہرین کیا کہتے ہیں؟

دوسری جانب بعض افراد کا کہنا ہے کہ چوری چاہے چھوٹی ہو یا بڑی، قانون کے مطابق اس کی ایف آئی آر درج ہونا ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp