بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان اور فلمساز راج کمار ہیرانی دوبارہ ساتھ کام کرنے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق دونوں کی مشہور فلم تھری ایڈیٹس کا سیکوئل تیار ہو رہا ہے جس میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور، آر مادھوان اور شرمن جوشی ایک بار پھر اپنے یادگار کرداروں میں نظر آئیں گے۔
یہ سیکوئل پہلے فلم کے اختتام کے 15 سال بعد کے حالات پر مبنی ہوگا، جب کردار اپنی اپنی زندگیوں میں بٹ چکے ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق راج کمار ہیرانی نے سیکوئل کے اسکرپٹ کو حتمی شکل دے دی ہے اور ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ پہلے حصے کی طرح مزاح اور جذبات سے بھرپور ہے۔ اس فلم کی کہانی پہلی فلم کی یادگار لائنوں اور کرداروں کو برقرار رکھتے ہوئے آگے بڑھائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دو خان آمنے سامنے: ’یہ چھچھورا پن ہے‘، شاہ رخ خان کی اس بات پر عامر خان نے کیا جواب دیا؟
تھری ایڈیٹس کی پہلی فلم 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے راج کمار ہیرانی اور ابھیجت جوشی نے مل کر لکھا تھا۔ اس کی پروڈکشن ویدھو چوپڑا فلمز نے کی تھی۔
اس کے علاوہ راج کمار ہیرانی جوشی اور ویدھو ونود چوپڑا منا بھائی فرنچائز کے تیسرے حصے پر بھی کام کر رہے ہیں جس میں سنجے دت اور ارشد وارسی مرکزی کردار ادا کریں گے، فلم کب ریلیز ہو گی اس کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔














