بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 6 مشتبہ افراد کو چوری کے شبے میں انگاروں پر چلانے کے واقعے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس انسانیت سوز اور غیر قانونی اقدام پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ واقعہ ایک مقامی دکاندار کی 20 ہزار روپے کی چوری کے شبے پر سامنے آیا۔
یہ بھی پڑھیں:موسیٰ خیل میں جرگے کا ظالمانہ فیصلہ: 8 افراد دہکتے انگاروں پر چلنے پر مجبور، مقدمہ درج
واقعہ موسیٰ خیل میں پیش آیا، جہاں مقامی دکاندار نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ اس کی دکان سے 20 ہزار روپے چوری ہوئے ہیں۔ چھوٹے جرگے نے مشتبہ افراد کو سزا دینے کے لیے انگاروں پر چلانے کا فیصلہ کیا، اور غلام محمد نامی شخص نے انگارے تیار کیے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد اس واقعے میں ملوث 6 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں سے 2 کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک کے مطابق تمام ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے اعلان کیا ہے کہ قانون سے بالاتر اقدام میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس فرسودہ رسم اور انسانیت سوز عمل پر شدید اظہارِ برہمی کیا اور فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔













