نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں سامنے آنے والے کرپشن اسکینڈل کے بعد 4 افسران کے استعفے وزارت داخلہ کی جانب سے منظور کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد: این سی سی آئی اے نے مالی فراڈ میں ملوث 8 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا
وزارت داخلہ کے مطابق یہ استعفے 20 نومبر سے مؤثر قرار پائے ہیں۔
مستعفی ہونے والے افسران میں ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز چوہدری، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد عثمان، شعیب ریاض اور اسمہ مجید شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق استعفوں کی منظوری سیکریٹری وزارت داخلہ نے دی ہے۔
استعفے منظور ہونے کے بعد این سی سی آئی اے نے بھی باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ کرپشن اسکینڈل کے معاملے پر مزید قانونی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور شفافیت اور احتساب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی سمیت دیگر سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے رشوت لینے کے الزام میں این سی سی آئی اے کے متعدد افسران کو گرفتار کیا گیا تھا، جنہوں نے بعد ازاں استعفیٰ دے دیا۔
مزید پڑھیں: این سی سی آئی اے کی عمران خان سے جیل میں تفتیش: سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متعلق سوال پر جذباتی ردعمل
اس سے قبل اینٹی کرپشن سرکل لاہور نے این سی سی آئی اے کے آٹھ افسران کے خلاف کرپشن کے مقدمات درج کرائے تھے۔
گرفتار کیے گئے آٹھ افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سب انسپکٹرز شامل تھے، اور ان کے خلاف متعلقہ قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔














