وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ملک بھر سے طلبا و طالبات کو اے آئی کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے یورپ بھجوانے کا اعلان کردیا۔
مزید پڑھیں: طلبا و طالبات کے لیے خوشخبری، حکومت کا لاکھوں ’کروم بکس‘ تقسیم کرنے کا اعلان
ہری پور یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی کنجی نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔ ہونہار طلبا و طالبات قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پورے صوبے میں مزید لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، اور لیپ ٹاپ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، مہارت اور ٹیکنالوجی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعظم نے والدین اور اساتذہ کی محنت کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہیں تھیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرٹ پر منتخب طلبہ کو جدید تربیت کے لیے بیرون ملک بھیجا گیا ہے تاکہ وہ ملک کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت رواں برس 1 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے، شزہ فاطمہ خواجہ
وزیراعظم نے اے آئی کی تعلیم کے لیے میرٹ پر طلبہ کو یورپ بھجوانے کا اعلان کیا ہے، تاہم اس کا طریقہ کار سامنے آنا ابھی باقی ہے۔














