چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے اہم اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے خلاف فائنل جیتنے والے ہر کھلاڑی کو 50 لاکھ روپے بطور انعام دیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: ایشیا کپ کی فاتح انڈر 19 کرکٹ ٹیم آج رات پاکستان پہنچے گی، استقبال کی تیاریاں مکمل
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فائنل میں کامیابی کے بعد محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور نہ صرف ان کے حوصلے بڑھائے بلکہ ان کے شاندار کھیل کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ ان کی ہر طرح کی ضروریات، بشمول میڈیکل سہولیات کو پورا کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو 191 رنز کے واضح فرق سے شکست دی تھی۔
ایشیا کپ کی فاتح پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم آج رات اسلام آباد پہنچے گی، جہاں ان کے اعزاز میں خصوصی استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر پاکستان انڈر 19 ٹیم پیر کی صبح زمبابوے روانہ ہونے والی تھی، لیکن اب روانگی کا شیڈول ایک دن مؤخر کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ میں فتح: بابر اعظم نے جیت کا کریڈٹ سرفراز احمد کو دے دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈر 19 ٹیم کی اس کامیابی پر کل ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف خود کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔














