عظمت شہدا کانفرنس: 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں گے: وزیراعظم

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد کا پاکستان آج اگر قائم ہے تو شہدا کی وجہ سے ہے۔

اسلام آباد میں عظمت شہدا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ کے عظیم سپوتوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔ شہدا کسی ایک مسلک یا جماعت کے نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام ان کا احترام کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چاہے ملک کے اندر مسائل ہوں یا سرحدوں کی حفاظت ہو آج تک افواج پاکستان اور پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں جو درندگی ہوئی اس کا جواب کون دے گا۔ اگر عمران خان کو اپنی گرفتاری پر اعتراض تھا تو مجھے بتائیں کہ اس سے قبل بھی گرفتاریاں ہوتی رہیں مگر کبھی کسی نے گملا تک نہیں توڑا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے اپنی حکومت میں ساری اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگایا تھا مگر کسی نے کبھی ملکی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا۔

وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ عمران خان تو اپنی گرفتاری سے قبل اپنے جتھوں کو یہ تربیت دے رہا تھا کہ اگر میری گرفتاری ہوئی تو فلاں فلاں جگہ پر آپ نے دھاوا بولنا ہے۔

لاہور میں قائد اعظم کے گھر کی بے حرمتی کی گئی

انھوں نے کہا کہ بتایا جائے لاہور میں قائد اعظم کے گھر کی بے حرمتی کیوں کی گئی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ایک بار ملک دشمنوں نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا تھا اور پھر دوسری مرتبہ تحریک انصاف نے ایسا کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنان احتجاج تو کرتے ہیں مگر کبھی کسی نے پاکستانی جھنڈے کو آنچ نہیں آنے دی۔ شہدا کی یادگاروں کو کبھی کسی نے نقصان نہیں پہنچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ابھی چند برس قبل بھارتی پائلٹ ابھی نندن حملہ کر کے آیا تھا مگر ہمارے جانبازوں نے اسے کس طرح پکڑا۔ یہی ہمارے شہدا اور غازیوں کا طرہ امتیاز ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں تو پوری دنیا کے سامنے چور اور ڈاکو کہا گیا مگر تحمل سے برداشت کیا مگر 9 مئی کو ملکی تنصیبات پر جو حملے کیے گئے یہ ناقابل برداشت ہے اور اب کبھی ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

اب پاک افواج کے خلاف کوئی نعرہ نہیں لگنے دیں گے

شہباز شریف نے کہا کہ ہم اب اپنی افواج کے خلاف کوئی نعرہ نہیں لگنے دیں گے جو بھی ایسا کرے گا اسے کٹہرے میں کھڑیں گے۔

انھوں نے کہا اب اگر ہم نے زرا بھی تساہل سے کام لیا تو کوئی بھی ہمیں معاف نہیں کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی گئی۔ چشم فلک نے دلخراش منظر کبھی نہیں دیکھا تھا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی۔

انھوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قائد اعظم کے فرمودات پر عمل کرنا ہوگا۔ نبی کریم ؐ کے اسوہ حسنہ کو اپنانا ہوگا۔ اساتذہ کرام کو بھی بچوں کی تربیت کرنا ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp