صدر مملکت آصف علی زرداری نے نجف اشرف میں حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے روضہ اقدس، ان سے منسوب گھر اور مسجد کوفہ کی زیارت کی۔
صدرِ آصف علی زرداری نے اپنے دورہ عراق کے دوران نجف اشرف میں حضرت علیؓ کے روضۂ اقدس پر حاضری دی، جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے اور درگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی۔
صدر زرداری نے اس موقع پر عقیدت و احترام کا اظہار کرتے ہوئے امتِ مسلمہ اور پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
بعد ازاں صدر مملکت نے مسجدِ کوفہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نوافل ادا کیے اور حضرت علیؓ سے منسوب گھر پر بھی حاضری دی۔ اس موقع پر انہوں نے اسلامی تاریخ اور روحانی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر کے اس دورے کو مذہبی ہم آہنگی اور روحانی وابستگی کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے صدر آصف علی زرداری کی بغداد میں زیاراتِ مقدسہ پر حاضری
گزشتہ روز صدرِ زرداری نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں زیاراتِ مقدسہ پر حاضری دی اور امتِ مسلمہ کے امن، اتحاد اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
صدر مملکت نے بغداد میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور دعا مانگی۔ بعد ازاں صدر آصف علی زرداری نے کاظمیہ مقدسہ میں امامِ موسیٰ الکاظم ؒ اور امامِ محمد التقیٰ الجوادؒ کے روضوں پر حاضری دی۔

روضۂ کاظمیہ میں صدر مملکت نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمی امن اور اسلامی ممالک کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے زائرین کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور ائمۂ اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو علم، صبر، حکمت اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کا دائمی سرچشمہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیے صدر آصف علی زرداری کی عراقی ہم منصب سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال
صدر آصف علی زرداری نے بغداد میں امامِ اعظم ابو حنیفہؒ کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اسلامی فقہ، علم اور رواداری کے فروغ میں امام ابو حنیفہؒ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دورے کے دوران صدر مملکت نے مختلف مزارات کے منتظمین اور مبلغین سے ملاقاتیں بھی کیں اور زیاراتِ مقدسہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ دورہ صدر مملکت کے بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی ورثے سے وابستگی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔













