کرسمس کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر بھر میں 6 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیے کرسمس کے موقع پر اضافی تعطیل کا اعلان کردیا گیا
سیکیورٹی پلان کے تحت 12 ایس پیز، 36 ایس ڈی پی اوز، 109 ایس ایچ اوز اور 311 اپر سبارڈینیٹس مختلف مقامات پر تعینات ہوں گے۔ لاہور کے 622 گرجا گھروں کو سیکیورٹی کے پیش نظر اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے کیٹیگری کے 59، بی کیٹیگری کے 84، سی کیٹیگری کے 378 اور ڈی کیٹیگری کے 101 گرجا گھروں پر سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس دوران پی آر یو کی 22، ڈولفن اسکواڈ کی 41، ایلیٹ فورس کی 9 اور اسپیشل اسکواڈ کی 9 ٹیمیں بھی ڈیوٹی انجام دیں گی۔

ترجمان کے مطابق مسیحی شہریوں کی حفاظت کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں، جبکہ خواتین اور بچوں کی سیکیورٹی کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار خصوصی طور پر تعینات ہوں گی۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں، پارکوں اور تفریحی مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔
سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ لاہور پولیس اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں اور مذہبی تقریبات کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔











