بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے پاکستان میں کینسر کے علاج کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے کردار کی تعریف کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا، اسرائیل نے ایران پر حملوں کے لیے آئی اے ای اے کی معلومات استعمال کیں، روس
وزارت خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے کہا ہے کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ملک بھر میں کینسر کے علاج کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کمیشن کے زیر انتظام کینسر کے علاج کے 20 اسپتالوں کا ایک مؤثر قومی نیٹ ورک موجود ہے، جہاں تربیت یافتہ طبی عملہ مریضوں کو جدید سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آئی اے ای اے کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، خصوصاً ریز آف ہوپ اقدام کے تحت۔ اس شراکت داری کے ذریعے انڈسٹریل نیوکلیئر آنکولوجی ریسرچ (آئی این او آر) جیسے اداروں کی سہولیات کو بہتر بنانے اور ریڈیو تھراپی اور تشخیصی خدمات تک عوام کی رسائی کو مزید وسعت دینے پر کام جاری رکھا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس شراکت داری سے مستقبل میں مزید جانیں بچانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔














