تھائی لینڈ میں ایک نہایت نایاب اور خطرے سے دوچار جنگلی بلی، فلیٹ ہیڈڈ کیٹ، 3 دہائیوں بعد پہلی بار دوبارہ دیکھی گئی ہے، جسے ماہرین فطرت کے لیے ایک بڑی اور امید افزا پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ڈیرہ غازی خان میں دیہاتیوں نے نایاب بھیڑیوں کو زہر دینا شروع کر دیا، معدومیت کا خطرہ
تھائی لینڈ کے محکمہ نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اینڈ پلانٹ کنزرویشن اور عالمی ادارے پینتھیرا تھائی لینڈ نے تصدیق کی ہے کہ فلیٹ ہیڈڈ کیٹ کی موجودگی کیمرہ ٹریپس کے ذریعے ریکارڈ ہوئی ہے۔ یہ نایاب جنگلی بلی 1995 کے بعد پہلی بار تھائی لینڈ میں دیکھی گئی، جسے پہلے ملک میں ممکنہ طور پر معدوم تصور کیا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق یہ تصاویر جنوبی تھائی لینڈ کے پرنسس سریندھورن وائلڈ لائف سینکچری میں حاصل کی گئیں، جہاں 2024 میں اس بلی کے 13 جبکہ 2025 میں 16 مشاہدات ریکارڈ کیے گئے۔ حیران کن طور پر ایک مادہ بلی کو اپنے بچے کے ساتھ بھی دیکھا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ نسل وہاں افزائش بھی کر رہی ہے۔

فلیٹ ہیڈڈ کیٹ جنوب مشرقی ایشیا کی سب سے چھوٹی جنگلی بلی ہے، جس کا وزن عام گھریلو بلی سے بھی کم ہوتا ہے۔ یہ عموماً رات کے وقت متحرک ہوتی ہے اور دلدلی علاقوں، جنگلات، ندی نالوں اور دور دراز قدرتی ماحول میں رہنا پسند کرتی ہے، اسی لیے اس کا مطالعہ کرنا انتہائی مشکل سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کا اندازہ ہے کہ دنیا بھر میں اس بلی کی بالغ آبادی تقریباً 2500 ہے۔ عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت (آئی یو سی این) نے اسے شدید خطرے سے دوچار نسلوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔ اس بلی کو جنگلات کی کٹائی، آبی آلودگی، زرعی پھیلاؤ، شکار اور انسانی سرگرمیوں سے شدید خطرات لاحق ہیں۔
In a stunning wildlife breakthrough, researchers have sighted the endangered flat-headed cat in Thailand for the first time in 29 years. The elusive species, native to Southeast Asia, faces severe habitat loss. This rare discovery reignites hope for conservation efforts and… pic.twitter.com/kx1Z88FRrC
— Bangkok Post (@BangkokPostNews) December 26, 2025
پینتھیرا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر قدرتی مسکن کا تحفظ کیا جائے تو معدوم سمجھی جانے والی انواع کو بھی بچایا جا سکتا ہے۔ اداروں نے امید ظاہر کی ہے کہ مزید تحقیق کے بعد اس بلی کی حیثیت کو ’ممکنہ طور پر معدوم‘ کے درجے سے تبدیل کروانے کے لیے آئی یو سی این کو شواہد فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اعلان 26 دسمبر کو منائے جانے والے نیشنل وائلڈ لائف پروٹیکشن ڈے کے موقع پر سامنے آیا، جسے ماہرین نے تھائی لینڈ میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔














