بی پی ایل میچ سے قبل دلخراش واقعہ، ڈھاکہ کیپیٹلز کے اسسٹنٹ کوچ انتقال کر گئے

ہفتہ 27 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے ایک میچ سے قبل ڈھاکہ کیپیٹلز کے اسسٹنٹ کوچ محبوب علی میدان میں اچانک گر پڑے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتے کے روز سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اس وقت پیش آیا جب ڈھاکہ کیپیٹلز اور راجشاہی وارئیرز کے درمیان میچ شروع ہونے میں تقریباً 20 منٹ باقی تھے۔ وارم اپ سیشن کے دوران محبوب علی اچانک زمین پر گر پڑے، جس پر میدان میں موجود کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ڈھاکہ کیپیٹلز کی جانب سے جاری مختصر بیان میں بتایا گیا کہ محبوب علی نے ٹریننگ کے دوران طبیعت خراب ہونے کی شکایت کی اور پھر وہ میدان میں بے ہوش ہو گئے۔ اس موقع پر انہیں فوری طور پر سی پی آر دی گئی اور بعد ازاں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے انتقال کی تصدیق کر دی گئی۔

واقعے کے باوجود میچ کو شیڈول کے مطابق جاری رکھا گیا۔ ٹاس ڈھاکہ کیپیٹلز نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ٹیم نے کھیل شروع ہونے سے قبل خود کو دوبارہ سنبھالا۔

یہ بھی پڑھیں:شائقین کرکٹ کا انتظار ختم، ایشیا کپ 2025 کی ممکنہ تاریخیں اور مقام آشکار

محبوب علی کے اچانک انتقال پر کرکٹ حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ کھلاڑیوں اور شائقین نے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp