ایک 52 سالہ خاتون کی خوشی کے لمحات پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ اپنی پہلی یوٹیوب آمدنی مناتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔ اس ویڈیو نے لوگوں کو متاثر کیا اور ثابت کر دیا کہ عمر صرف ایک عدد ہے، محنت اور لگن سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
View this post on Instagram
ویڈیو انسٹاگرام پر انشول پاریک نے شیئر کی، جس میں ان کی والدہ موبائل فون کے ساتھ بیٹھی، جذباتی اور خوش دکھائی دے رہی ہیں۔ پاریک اپنی والدہ سے پوچھتے ہیں، ’کیا ہوا ممی؟‘ تو وہ فخر کے ساتھ بتاتی ہیں کہ 6 ماہ کی محنت کے بعد انہوں نے 52 سال کی عمر میں پہلی بار یوٹیوب سے آمدنی حاصل کی۔
یہ لمحہ نہ صرف مالی کامیابی بلکہ ایک دیرینہ خواب کے پورا ہونے کی علامت بھی ہے۔ ویڈیو میں لکھا ہے، ’خواب دیکھنے کی کوئی عمر نہیں، صرف محنت چاہیے، اور انہوں نے یہ ثابت کر دیا‘۔پاریک نے کیپشن میں لکھا، ۔۔۔ ’میں ایک قابل فخر بیٹی ہوں‘۔
یہ بھی پڑھیں:سوشل میڈیا کی کمائی پر ٹیکس کی خبریں، یوٹیوبرز اور فری لانسرز کیا کہتے ہیں؟
ویڈیو نے یوٹیوب کریئیٹرز کی توجہ بھی حاصل کی، جنہوں نے پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے خاتون کو مبارکباد دی اور ان کی محنت کو بہت متاثر کن قرار دیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی کمنٹس میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ویڈیو لوگوں کو حوصلہ دیتی ہے اور دکھاتی ہے کہ نئے آغاز کے لیے کبھی دیر نہیں ہوتی۔














